پاکستان سپر لیگ 6 کے 24ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 109 رنز کا آسان ہدف دیا تھا۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز میچ کی ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 12 کے سکور پر ہی اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پشاور زلمی نے مقررہ ہدف با آسانی حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے ابرار اور وہاب نے تین، تین وکٹیں جبکہ ثمین گل نے کراچی کنگز کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کےحضرت اللہ زازئی نے پی ایس ایل 6 کی تیز ترین ففٹی اسکور کی۔ پشاور زلمی نے چار وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز کا ہدف باآسانی 11 اوورز میں مکمل کر لیا۔
زلمی کے اوپنر حضرت اللہ ززئی نے 26 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ حیدر علی 16 جبکہ کامران اکمل صرف نو رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔