بھارتی براڈ کاسٹرز پر ابوظبی وزارت صحت کے اعتراض کے باعث پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچوں کا شیڈول تاخیرکا شکار ہوگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق شیڈول کا اعلان بھارتی براڈ کاسٹرز کی کلیئرنس سے مشروط ہے، بھارتی براڈکاسٹرز کا تنازع حل کیے بغیرٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی کوششوں سے تنازع کو حل کیا جارہا ہے تاہم بھارتی براڈ کاسٹرزکو واپس لانےکےلیے پی ایس ایل انتظامیہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور بھارتی براڈ کاسٹرزکو ابوظبی کے ہوٹل سے نکال دیاگیا جس کے بعد انہیں دبئی روانہ کردیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ گزشتہ رات وزارت صحت نے یہ کہہ کر ہوٹل سے بے دخل کردیا کہ آپ یہاں نہیں رہ سکتے،راس الخیمہ میں لینڈ کرکے ابوظبی پہنچنے والے براڈ کاسٹرز دو دن بعد دبئی بھیج دیےگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ براڈ کاسٹرز ٹورنامنٹ کا اہم حصہ ہیں، ان کے بغیر پی ایس ایل کا انعقاد خطرے میں ہے، براڈ کاسٹرز 2 دن سے آئسولیشن میں تھے،اچانک ابوظبی ہیلتھ منسٹری نے اعتراض کردیا۔