کورونا ایس او پیز کی آڑ میں سندھ حکومت شہریوں کی عزت نفس مجروح کررہی ہے: ایم کیوایم

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کورونا ایس او پیز کی آڑ میں شہریوں کی عزت نفس مجروح اور حقوق پامال کررہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کورونا ایس او پیز کی آڑ میں شہریوں کی عزت نفس مجروح کر رہی ہے اور شہریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے، شب 8 بجے کے بعد کراچی کی سڑکوں پر پولیس کی لوٹ مار عروج پر ہوتی ہے خواتین اور بزرگ شہریوں سے ہتک آمیز رویہ رکھا جاتا ہے جو باعث تشویش ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ سندھ کی متعصب حکومت کورونا ایس او پیز کے بارے میں شعور اور آگاہی کی مہم چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، دعوے کئے جا رہے تھے کہ ویکسینیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ویکسینیشن سینٹرز چھٹیوں میں بند نظر آئے اور بد نظمی کا شکار رہے۔

اراکین سندھ اسمبلی نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ پولیس کو حدود سے تجاوز اور قانون کی دھجیاں بکھیرنے سے روکا جائے اور بھتہ لیکر بند دوکانیں کھلوانے کا عمل بھی رکنا چاہئے اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet