قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کم بیک ہو گا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلوں گا۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وہاب ریاض اس وقت قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ریڈ بال کرکٹ سے وہ پہلے ہی بریک لے چکے ہیں اور اب انہیں وائٹ بال کرکٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا جا رہا۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کا انعقاد بہت ضروری ہے، ابھی کرکٹ نہیں ہو رہی اس لیے پی ایس ایل ہی ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پرفارم کر کے آگے ٹیم میں واپس آیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان دنوں میں اپنی فٹنس پر فوکس کر رہا ہوں اور اس کے علاوہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر جا کر بولنگ بھی کرتا ہوں تاکہ خود کو ردہم میں رکھ سکوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل میں فارم واپس لا کر قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے اس لیے پی ایس ایل کے شروع ہونے کا منتظر ہوں، ماضی میں بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر چکا ہوں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہیں بھی زیر غور لایا جائے گا، اگر پی ایس ایل نہیں ہوتی تو دورہ انگلینڈ کے لیے ماضی کی کارکردگی کو دیکھا جائے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو ہماری صلاحیتیوں کا بخوبی علم ہے، سلیکٹرز اور مینجمنٹ نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ ہماری ضرورت ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی محنت اور اللہ پر یقین ہے، میں منتخب نہ ہونے پر گھبراتا نہیں ہوں، ایک دو میچز اچھے نہیں گئے یا ڈراپ ہو گیا تو اس کا مطلب یہ نہیں آتا کچھ نہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ان اور آوٹ میرے کیرئیر میں بہت مرتبہ ہو چکا ہے، یہ زندگی کا حصہ ہے، میرے پاس بہت مواقع ہیں، لیگز کے کنٹریکٹس بھی سائن کر چکا ہوں لیکن پہلی ترجیح پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے میں کامیاب ہوں گا، میں پر عزم ہوں کہ کرکٹ کھیلوں گا پرفارمنس دوں گا اور کم بیک ہو گا۔