پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث لیگ کے رواں سیزن کے ملتوی ہونے والے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کامطالبہ کردیا۔
پی ایس ایل کی فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے باقاعدہ مطالبہ کردیا ہے۔
پی سی بی نے فرنچائزز کے مطالبے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) حکام سے رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حتمی فیصلہ این سی او سی اور حکومت سے مشاورت کے بعد کرے گا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گیا جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی منتقلی کااعلان بھی متوقع ہے جبکہ انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) بھی بھارت میں کورونا کی سنگین صورت حال کے باعث ملتوی ہوگئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقلی کا اعلان اگلے چند دنوں میں متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 2021 کا آغاز 20 فروری کو کراچی میں ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں شیڈول تھے تاہم 4 مارچ کو 7 کھیلاڑیوں اور دیگر عملے میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ریکارڈڈ پیش کی گئی تھی جبکہ تماشائیوں کی اجازت بھی ابتدا میں 20 فیصد تک تھی جسے بعد ازاں صورتحال کو دیکھتے ہوئے 50 فیصد تک کردیا گیا تھا۔
پی ایس ایل 2021 کے 14 میچ کھیلے جاچکے ہیں جبکہ پی سی بی گزشتہ ماہ بقیہ 20 میچز جون میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے 20 جون تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
بورڈ نے کہا تھا کہ ایونٹ کے دوبارہ آغاز پر کھلاڑی اور دیگر عملہ، 22 مئی سے ایک ہی ہوٹل میں 7 روز تک قرنطینہ کریں گے جس کے بعد 3 روزہ ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا اور اس کے بعد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل سیزن 6 کا فائنل 20 جون کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کے مذکورہ میچوں کے حوالے سے فیصلہ 10 اپریل کو پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے 62ویں ورچوئل اجلاس میں ہوا تھا۔
تاہم اب فرنچائزز نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کو دیکھتے ہوئے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے جو گزشتہ دونوں کے مقابلے میں خطرناک ہے اور کیسز کی یومیہ شرح میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے اور ریکارڈ ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔