پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ حسن علی کا کہنا ہےکہ اگر بڑی کرکٹ کھیلنی ہے تو فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت دینا ہوگی۔
ہرارے سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ ان کے کم بیک میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا کافی اہم کردار ہے، جو ڈومیسٹک میں محنت کی اس کا ہی پھل انٹرنیشنل کرکٹ میں مل رہا ہے۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے فٹنس لیول پر بہت کام کیا ہے،فرسٹ کلاس کرکٹ میں لمبی کرکٹ کھیلنےکا کافی تجربہ ہوا ہے، پہلی بار بیک ٹو بیک اتنے فرسٹ کلاس میچز کھیلا تھا، جب باہر تھا تو ایک وقت تھا جب میں کافی پریشان تھا، رویا بھی تھا لیکن اپنی محنت کے سلسلے کو کبھی نہیں چھوڑا تھا، یہ سوچا تھا کہ کم بیک کروں اور ایسا کروں کہ دنیا دیکھے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میری سیلبریشن کا میری انجری سے کوئی تعلق نہیں، لمبی کرکٹ کھیلنی ہے تو فرسٹ کلاس کرکٹ ضرور کھیلیں، فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر بہت مدد ملتی ہے، اگر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہی کھیلنا ہے، میں ہمیشہ سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واپسی کا سفر بہت مشکل تھا، دو سال کرکٹ سے باہر رہا تھا، میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا تھا، بیٹیاں اللہ کی رحمت ہے، جب سے میری بیٹی دنیا میں آئی ہے میری پرفارمنس بہتر ہوئی ہے۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ بیٹی کو مس کررہا ہوں لیکن نیشنل ڈیوٹی بھی اہم ہے، ایک ایک دن گن رہا ہوں کہ کس دن واپسی کی فلائٹ ہوگی۔