فخر زمان نے اپنے رن آؤٹ ہونے میں خود کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈر کو نہ دیکھنا یہ “میری اپنی غلطی”ہے۔پاکستانی اوپنر کی شاندار اننگز میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر ختم ہوگئی تھی جب ان کا انفرادی اسکور193 تھا۔
ڈی کوک کا اشارہ اور فخر زمان کا آؤٹ سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر اسکور بنانے کی کوشش میں فخر زمان وکٹ کیپر کی طرف بھاگ رہے تھے۔
وکٹ کیپر کوئٹن ڈی کوک نے ایسا اشارہ کیا کہ فیلڈرمارکرم بالر کی طرف تھرو پھینکیں گے۔ اشارہ دیکھ فخر زمان آہستہ ہوگئے، لیکن تھرو وکٹ کیپر کی طرف آگیا جس سے فخر زمان آؤٹ ہوگئے۔
اگر ڈی کوک کا اشارہ دانستہ طور پرغلط سمت تھا تو یہ کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی ہوگی۔ اگر ایسا ہوا تو جنوبی افریقہ کو5 رنز کی پنلٹی لگ سکتی ہے، اور وہ گیند بھی دوبارہ کرائی جائے گی جس پر فخر زمان آؤٹ ہوئے۔
قانون 41.5.1 میں کہا گیا ہے کہ کوئی فیلڈر جان بوجھ کر کسی بھی بیٹسمین کی توجہ ہٹانے ، دھوکہ دینے یا رکاوٹ نہیں ڈال سکتا۔
فخر زمان نے اگرچہ ڈی کاک کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ’غلطی میری تھی کیونکہ میں حارث رؤف کو دیکھ رہا تھا کیونکہ مجھے لگا تھا کہ وہ اپنی کریز سے کافی دور ہے، لہذا میں نے سوچا کہ وہ مشکل میں ہے۔ باقی میچ ریفری پر منحصر ہے۔ ، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس میں کوئٹن کی غلطی ہے۔‘