بھارت میں مقامی سطح پر کھیلے جانے والے ایک میچ کے دوران 27 سالہ کرکٹر جان کی بازی ہار گیا، کھلاڑی گیند لینے کے لیے جھکا تو گر گیا اور دوبارہ نہ اٹھ سکا۔
افسوسناک واقعہ ریاست حیدر آباد میں پیش آیا، 27 سالہ للت کمار ساکن بینک کا ملازم تھا اور اکثر مقامی سطح پر کھیلے جانے والے کرکٹ میچز میں حصہ لیا کرتا تھا۔
اتوار کے روز کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے وقت وہ گیند کو پکڑنے کے لیے جھکا تو نیچے گر گیا اور دوبارہ نہیں اٹھا۔
دیگر کھلاڑیوں نے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا اور مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اڑیسہ میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آچکا ہے جب دوران میچ 18 سالہ کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
ستیا جیت پردھان نمای کرکٹر کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ نان اسٹرائیک اینڈ سے سنگل رن لینے کے لیے بھاگے اور وکٹ کے درمیان میں پہنچ کر گرگئے۔
ستیا جیت کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق کرکٹ کی موت اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔