انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کی ہندی نے بھارتیوں کو آگ لگا دی ہے۔
کیون پیٹرسن نے بھارت کو چنائی ٹیسٹ میں انگلینڈ سے 227 رنز سے شکست پر ٹرول کرتے ہوئے ماضی کا حوالہ اس دلچسپ انداز میں دیا کہ بھارتیوں کو آگ لگ گئی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کیون پیٹرسن نے رومن انگلش میں بھارتی ٹیم کا مذاق اڑایا۔
مایہ ناز بلے باز نے ٹوئٹر پیغام میں آسٹریلیا میں بھارت کی ٹیسٹ سیریز میں جیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ بھارت، یاد ہے جب آپ نے آسٹریلیا کو ان کے گھر پر ہرایا تھا تو میں نے پہلے ہی چیتاونی(تنبیہ) دی تھی کہ اتنا جشن نہ منائیں‘۔
خیال رہے کہ حال ہی میں بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں 328 رنز کا تعاقب کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی شیر اپنے گھر میں ڈھیر
بھارتی ٹیم 1988 میں ویسٹ انڈیز کے بعد سے آسٹریلین ٹیم کو اس میدان میں شکست دینے والی ناصرف پہلی ٹیم بنی اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔
گزشتہ روز چنائی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 420 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا تاہم میزبان ٹیم آخری دن کے دوسرے سیشن میں 192 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی غیر ملکی سرزمین پر یہ لگاتار چھٹی کامیابی ہے۔