کراچی ٹیسٹ میں شاندارکارکردگی دکھانے پر فواد عالم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے کراچی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری بنائی جو ان کے ٹیسٹ کیرئیر کی تیسری سینچری تھی۔
فواد عالم نے 11 سال بعد ٹیم میں واپسی کے بعد اپنی پرفارمنس سے ناقدین کے منہ بند کردیے۔
یہ فواد عالم کی پاکستانی سرزمین پر پہلی اننگز اور پہلی ہی ٹیسٹ سینچری تھی گو کہ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر وہ 10 فرسٹ کلاس سنچریاں بناچکے تھے۔
کراچی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر فواد عالم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
اس موقع پر فواد عالم کا کہنا تھا کہ اسپنرز کے لیے یہ وکٹ آسان نہیں تھا ، ٹیم کو رنز کی ضرورت تھی اور یہ میچ میرے لیے بہت اہم تھا، پہلی اننگز میں جیتنا اسکور ہوتا اتنا ہمارے لیے فائدہ ہوگا ، یہی سوچ تھی۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ پرفارمنس کو بہت انجوائے کررہا ہو ں۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا لیکن انہیں ڈیبیو پر سنچری کے باوجود بھی تین ٹیسٹ بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور وہ گیارہ سال ٹیم سے باہر رہے لیکن اس دوران وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منواتے رہے اور ہمت بنائے رکھی اور ثابت کیا کہ ہمت برقرار اور حوصلے بلند ہوں تو منزل ضرور ملتی ہے۔
ہاں دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ فواد عالم کے کیریئر میں ایک بھی ففٹی نہیں، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنی تینوں ابتدائی ففٹیز کو سنچریوں میں تبدیل کیا۔