پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پہلی اننگز میں پروٹیز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا 4 وکٹ پر 33 رنز کے ساتھ آغاز کیا تو اظہر علی اور فواد عالم 5، 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کے دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز پر پہنچایا تو اظہر علی 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم فواد عالم نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور اپنی ففٹی مکمل کی اور وہ 63 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا لیے ہیں اور قومی ٹیم کو اب بھی جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے 42 رنز درکار ہیں۔
گزشتہ روز پہلے جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پھر پاکستان کے بھی 4 کھلاڑی 27 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔