پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا، کراچی والوں کے لیے محکمہِ ٹریفک نے متبادل پلان جاری کر دیا

ٹریفک روٹ

محکمہ ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا جس پر شہریوں سے عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور قومی ٹیم کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں 26 سے 30 جنوری تک سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، اس دوران اسٹیڈیم اور اُس کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل بند رہے گی۔

کراچی ٹریفک پولیس نے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر اور یقینی بنانے کے لیے متبادل پلان مرتب کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل روٹ کا استعمال کریں۔

محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے متبادل ٹریفک پلان کے مطابق صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکیں بند رکھیں جائیں گی۔ درج ذیل شاہراہوں کو استعمال کرنے والے حضرات زحمت و پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر تمام قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا۔ شہری کارساز، ڈرگ روڈ اور شاہراہ فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم سے نیپا کا راستہ لیں، اسی طرح ایئر پورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

راشد منہاس روڈ ملینیم مال سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری نیپا، عسکری فور IV، ڈرگ روڈ سے شاہراہ فیصل یا ملینیم سے نیپا اور صفورا سے گلشن چورنگی اور پھر سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

لیاقت آباد سے براستہ حسن سکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا، شہری یہی راستہ اختیار کر کےاپنی منزل کی جانب جا سکیں گے۔

یونیورسٹی روڈ اور نیو ٹاؤن ٹرننگ سے اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہری متبادل روٹ کے طور پر جیل چورنگی سے شہید ملت یا پیپلز چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔ آغا خان ہسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال اور اطراف کے رہائشی والے حضرات نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آئیں ٹریفک پولیس کا عملہ ان کی مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے ہمہ وقت موجود ہوگا۔

سہراب گوٹھ سے نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر ، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ جبکہ کارساز سے اسٹیڈیم اور ملینیم مال تا نیو ٹاؤن پر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

محکمہ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زحمت و پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے متبادل روٹ پلان پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ٹریفک پولیس سے تعاون کریں جبکہ شہری سروس روڈ یا سڑک کے کنارے پر گاڑی پارک کرنے سے بھی گریز کریں۔

ٹریفک پولیس سیکشن کی جانب سے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1915 کا اجرا کیا گیا ہے جہاں نمائندے رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے، علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک اور واٹس ایپ کا نمبر بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ شہری ایف ایم ریڈیو 88.6 سے بھی اپ ڈیٹ حاصل کرسکیں گے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet