نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی 176 رنز اور ایک اننگز شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کر دیا۔کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور ظفر گوہر 37، 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ فہیم اشرف نے 28، عابد علی نے 26 اور فواد عالم نے 16، حارث سہیل نے 15 اور محمد رضوان نے 10 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے 6 اور ٹرینٹ بولٹ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کین ولیمسن کے حصے میں بھی آئی۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 297 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے ولیمسن کی شاندار ڈبل سنچری اور ہنری نکولس کی سنچری کی بدولت 695 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔
ماؤنٹ مانگا نوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دی تھی۔