کرس گیل، ڈیوڈ ملراورراشد خان ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے پلاٹینم روسٹرمیں شامل کرلیے گئے۔
کرس گیل، ڈیوڈ ملراورراشد خان ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے پلاٹینم روسٹرمیں شامل کرلیے گئے۔ اس فہرست میں ڈیوڈ ملان، ڈین براوو، کرس لین، ایلکس ہیلز، مورنے مورکل، محمد نبی، عمران طاہر، ڈیل اسٹین، ٹام بنٹن اور کرس جارڈن بھی شامل ہیں
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو لاہور میں ہوگی۔
کرس گیل، ڈیل اسٹین، کرس لین اور راشد خان سمیت کئی معروف اور نامور غیرملکی ستاروں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں شرکت کے لیے اپنی دستیابی ظاہرکردی ہے۔ لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے پچیس کھلاڑیوں پر مشتمل پلاٹینم فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایونٹ کےلیےکھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو لاہور میں ہوگی۔ڈرافٹنگ سے قبل تمام چھ ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ریلیز یا ریٹین کرسکتی ہیں۔ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو ریٹین کرسکتی ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کی فروری، مارچ میں شیڈول ونڈو کے لیے چند غیرملکی کھلاڑی ایک مخصوس وقت کے لیے ہی دستیاب ہوں گے۔لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی سب سے خاص بات اس دہائی کے آئی سی سی کے بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹر راشد خان کا دستیابی ظاہر کرنا ہے۔ لیگ اسپنر اب تک 48 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں 89 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
وہ مجموعی طور پر 244 ٹی ٹونٹی میچوں میں 338 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے لیے دستیاب ہیں۔ مجموعی طور پر 320 ٹی ٹونٹی میچوں کا وسیع تجربہ رکھنے والے بیٹسمین نے اب تک ایونٹ میں حصہ نہیں لیا۔اس سے قبل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل بھی لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کے لیے دستیاب ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست ڈیوڈ ملان بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 40 سے زائد کی اوسط سے 284 رنز بنانے والے آسٹریلوی بیٹسمین کرس لین اس سال بھی پلاٹینم کٹیگری کا حصہ ہیں۔ ممکنہ طور پر لاہور قلندرز کی منیجمنٹ انہیں ریٹین ہی کرے گی۔اس کٹیگری میں ویسٹ انڈیز کے ڈین براوو، لینڈل سمنز ، کارلوس بریتھ ویٹ اور ایون لوئس بھی موجود ہیں۔
ایون لوئس کے علاوہ مندرجہ بالا تینوں کھلاڑی اس سے قبل بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کرچکے ہیں۔اسی فہرست میں جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل اوروان دیردسن کے نام بھی موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑی اس سے قبل کبھی بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ نہیں رہے۔ اسی کٹیگری میں شامل ان کے ہم وطن عمران طاہر، ڈیل اسٹین، رائیلی روسو اور کولن انگرام پہلے بھی لیگ میں شرکت کرچکے ہیں۔ا نگلینڈ کے ایلکس ہیلز، معین علی، کرس جارڈن اور ٹام بنٹن بھی پلاٹینم کٹیگری میں شامل ہیں۔ افغانستان کے راشد خان کے علاوہ مجیب الرحمٰن اورمحمد نبی بھی اسی فہرست کا حصہ ہیں۔
سری لنکا کے تھیسارا پریرا اوراشرو اڈاناجبکہ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور نیپال کے سندیپ لامیچانےبھی اسی کٹیگری میں شامل ہیں۔ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد نے کہا کہ انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ سے قبل نامور کرکٹرز پر مشتمل پلاٹینم کٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرنے پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے مصروف ایف ٹی پی شیڈولز کے باوجود ان معروف کھلاڑیوں کا دستیابی ظاہرکرناایک خوش آئند عمل ہے۔
انہیں یقین ہے کہ رواں سال بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بہترین مقابلے ہوں گے، جہاں بہترین کھلاڑیوں اورٹیموں کے درمیان اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہوگااوراس سلسلے میں اسے کامیاب بنانے کے لیے وہ تمام اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ مکمل تعاون کریں گےتاکہ مداحوں کو بہترین کرکٹ مقابلے دیکھنے کوملیں۔