سال 2020 کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے باوجود پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ محمد راشد نسیم کے ورلڈ ریکارڈز بنانے کا سلسلہ نہ رک سکا۔2020 میں محمد راشد نے 20 گینز ورلڈ ریکارڈ بنا کر پاکستان کا نام اونچا کیا۔
سال 2020 میں کووڈ 19 کی وجہ سے جہاں کھیلوں کی سرگرمیاں معطلی کا شکار تھیں وہیں پاکستان کے مارشل آرٹس ایکسپرٹ راشد نسیم پاکستان کے لیے ورلڈریکارڈ بنا رہے تھے۔
راشد نسیم نے سال 2020 میں 20 گینز ورلڈ ریکارڈ بنائے جن میں ایک گھنٹے میں ایک کلو وزن کے ساتھ سب سے زیادہ مکے مارنے کا ریکارڈ بنایا اور ایک منٹ میں کہنی سے سب سے زیادہ اخروٹ توڑنے کا بھارتی ریکارڈ بھی توڑا۔
ایک گھنٹے میں 5 کلو وزن کے ساتھ سب سے زیادہ کک مارنے کا ریکارڈ بھی راشد نسیم کے حصے میں آیا اور ایک منٹ میں سب سے زیادہ سر سے پینسل توڑنے کا ریکارڈ، تین منٹ میں سب سے زیادہ ٹارگٹ پرگھٹنے مارنے کا ریکارڈ بنایا۔
راشد نسیم نے نن چکس سے بوتل کے بیچ میں سے تاش کے پتے نکالنے کا منفرد ریکارڈ بنایا، ساتھ ہی کک کے ساتھ لگاتار بوتل کے ڈھکن کھولنے کا ریکارڈ بنایا اور ایک ریکارڈ نن چکس کے ساتھ تیز ترین بوتل کے ڈھکن کھولنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔
انہوں نے 2020 میں ایک گھنٹے میں 36 ہزار 686 مکے مار کر انگلینڈ کا ریکارڈ توڑا، تین منٹ میں سب سے زیادہ کہنی ٹارگٹ پر مارنے کا ریکارڈ بنایا جبکہ گینز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے موقع پر ایک منٹ میں مکوں کے ساتھ سب سے زیادہ کلے ٹاگٹ توڑنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
والد کی طرح ان کی بیٹی بھی ایک منٹ میں دونوں کہنیوں سے سب سے زیادہ وار کرنے کا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئی۔
سال 2020 میں محمد راشد کی سات سالہ بیٹی فاطمہ نے بھی ورلڈ ریکارڈ بنا کر دنیا کو حیران کیا۔