پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کھلاڑیوں کو سالانہ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پی سی بی کی جانب سے قومی کرکٹرز کو سالانہ ایوارڈ دئیے جائیں گے ، 31 دسمبر کو کھلاڑیوں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، یکم جنوری کو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ہوگا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو 8 مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ دئیے جائیں گے، سال 2020 میں انفرادی کارکردگی پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ہمارے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہیں، ان کی محنت اور کامیابی کا جشن پی سی بی کے سالانہ ایوارڈز کی صورت میں منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران کرکٹ کھیلنا ناصرف کھلاڑیوں کے لیے مشکل تھا بلکہ ان کے اہلخانہ بھی یہ مشکل وقت تھا، کھیل کو ترجیح دینے پر اہم ان کے شکر گزار ہیں۔
احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی ایوارڈ 2021 میں کرکٹرز کو مزید مراعات فراہم کرے گا، ایوارڈز سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ان کی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔