رواں برس فروری میں ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والی روسی ٹینس اسٹار و ماڈل 33 سالہ ماریا شیرا پووا نے دوسری بار منگنی کرلی۔
ماریا شیرا پووا نے پہلی منگنی ایک دہائی قبل 22 سال کی عمر میں 2010 میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی سے کی تھی اور دونوں نے تقریبا 2 سال تک ایک ساتھ زندگی گزاری۔
تاہم 2012 میں دونوں کے درمیان تلخیاں بڑھ گئیں تو دونوں نے رشتہ بھی ختم کرلیا اور بعد ازاں ٹینس اسٹار نے دیگر مرد حضرات سے تعلقات استوار کیے۔
ٹینس سے زیادہ اپنی خوبصورتی اور ماڈلنگ کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والی 33 سالہ ماریا شیرا پورا نے اگرچہ 2018 میں ہی تصدیق کی تھی اب ان کے تعلقات ایک برطانوی کاروباری شخص سے ہیں۔
تاہم اب انہوں نے مذکورہ شخص سے منگنی کی تصدیق بھی کردی۔
معروف امریکی میگزین پیپلز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ماریا شیرا پووا نے برطانوی نیلام گھر کے مالک 41 سالہ الیگزینڈر گلکیس سے منگنی کرلی۔
الیگزینڈر گلکیس برطانوی شہزادہ ولیم کے قریبی دوست ہیں اور انہوں نے بھی دوسری بار رشتہ کیا ہے۔
الیگزینڈر گلکیس نے پہلی شادی معروف برطانوی فیشن ڈیزائنر مشا نونو نے 2003 میں کی تھی، تاہم انہوں نے پہلی اہلیہ سے 13 سال بعد 2016 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
منگنی کیے جانے کے بعد ماریا شیرا پووا اور الیگزینڈر گلیکس نے اپنے انسٹاگرام پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے رشتے کی تصدیق بھی کی۔
ماریا شیرا پووا نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے الیگزینڈر کی پیش کش پر ہاں کردی اور دونوں ایک ہوگئے۔
اسی طرح الیگزینڈر گلیکس نے ماریا شیرا پووا کی جانب سے ہاں کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی زندگی بھر ان کا ساتھ دینے کا عزم بھی کیا۔
خیال رہے کہ ماریا شیرا پووا 7 برس کی عمر میں 1994 میں ٹینس کی ٹریننگ کے لیے امریکا منتقل ہوئی تھیں۔
2004 میں 17 برس کی عمر میں ماریا شیرا پووا نے ومبلڈن کے فائنل میں نمبر ون سیڈ سرینا ولیمز کو شکست دے کر پہلا گرینڈ سِلیم اپنے نام کیا تھا۔
ماریا شیراپووا 2005 میں پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں نمایاں ہوئیں جب انہوں نے ومبلڈن ٹائٹل کے ساتھ 2 فرنچ اوپن ٹائٹل، ایک آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا۔
2016 میں ماریا شیراپووا نے ممنوعہ دوا کے استعمال کے باعث آسٹریلین اوپن کے دوران ’ڈرگ ٹیسٹ‘ میں ناکامی کا اعتراف کیا، جس کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے انہیں 2 برس کے لیے عبوری طور پر معطل کردیا تھا۔
پابندی ختم ہونے کے بعد وہ 2018 میں ٹینس میں دوبارہ آئیں مگر کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر پائیں، جس کے بعد انہوں نے فروری 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ماریا شیرا پووا کو ان کے کھیل سے زیادہ ان کی خوبصورتی اور ماڈلنگ کی وجہ سے شہرت حاصل رہی اور وہ آج بھی ماڈلنگ کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔