بابر اعظم اور شان مسعود وزڈن کی سال2020 کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں شامل

بابر اعظم  اور شان مسعود

وزڈن نے سال 2020 کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور شان مسعود دونوں اس بہترین ٹیم میں شامل ہیں۔

کرکٹ کی بائبل تصور کیے جانے والے ادارے وزڈن نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی بنیاد پر سال 2020 کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

حال ہی میں آسٹریلیا کے ہمراہ عالمی نمبر ایک بننے والی ٹیم نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سال کی بہترین ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

بابر اعظم نے اس عرصے کے دوران چھ ٹیسٹ میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے 100 کی اوسط سے 600 رنز بنائے جس میں ان کا بہترین اسکور 143 رہا۔

وزڈن نے کہا کہ یہ اوسط خراب نہیں ہے، بابر اعظم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ایک مناسب، خوش کن اور فاتحانہ ہو، وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ملک میں پہلے ہی اُمید کی کرن روشن کردی ہے اور مزید فراہم کریں گے، دورہ انگلینڈ مایوس کن رہنے کے باوجود ان کی اوسط 50 کی رہی جو یہ بتاتی ہے کہ وہ ان کا معیار کتنا بلند ہے۔

شان مسعود کی کارکردگی بھی معیاری رہی اور انہوں نے چھ ٹیسٹ میچوں میں 46.55 کی اوسط سے 419 رنز اسکور کیے۔

وزڈن نے کہا کہ لگاتار تین اننگز میں تین سنچریوں کی بدولت شان مسعود اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

کرکٹ کے عالمی ادارے نے لکھا کہ شان نے انگلینڈ کے خلاف رواں سال اگست میں اولڈ ٹریفورڈ میں 319 گیندوں پر 156 رنز کی بہترین اننگ کھیلی، پہلے دن لنچ سے قبل انگلینڈ کا غیر معمولی آغاز ہوا اور شان نے مشکل سے باہر نکالا، لیکن میزبان باؤلرز کی جانب سے غلطی کرنے کے باوجود وہ زیادہ فائدہ نہ اٹھا سکے، البتہ میچ کے دوسرے دن جب پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے تو انہوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بیٹنگ پارٹنرز کے گھٹنے ٹیکنے کے باوجود تن تنہا ذمے داری اپنے کندھوں پر اٹھائی، اس سے قبل وہ انگلینڈ کے خلاف جدوجہد کرتے رہے اور 156 رنز سے قبل وہ انگلینڈ کے خلاف چارٹیسٹ میں مشترکہ طور پر بھی اتنے رنز اسکور نہیں کر سکے تھے، شان مسعود کی یہ باری ایک فتح گر اننگز تھی لیکن کرس ووکس اور جوس بٹلر کے ارادے کچھ اور تھے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں مضبوط پوزیشن میں آنے کے باوجود جوز بٹلر اور کرس ووکس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو فتح دلادی تھی۔

وزڈن کی بہترین ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ڈوم سبلی، مارنس لبوشین، بابر اعظم، بین اسٹوکس، کوئنٹن ڈی کوک، کائل جیمیسن، اسٹورٹ براڈ، ٹم ساؤدھی اور نیتھن لائن شامل ہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet