قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے بابر اعظم کا ان فٹ ہونا مایوس کن قرار دے دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر کوئنز ٹاؤن میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل اسپورٹس کا حصہ ہیں، بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا انجری کے سبب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے آؤٹ ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ اسکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے بابر اعظم سے بات کی ہے،وہ ٹی ٹونٹی سیریز سے آؤٹ ہونے پر بہت افسردہ ہیں کیونکہ وہ مکمل فوکس اورٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے آغاز کے منتظر تھے۔ ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ وہ جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔
مزید جانیے: پاکستانی شاہینوں کے لیے بری خبر آ گئی
مصباح الحق نے کہا کہ میڈیکل ٹیم شاداب خان کی انجری کا بھی مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریزکے لیے ہمیں دستیاب ہوں گے تاہم ہم اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔
دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس نے بھی بابراعظم کی انجری کو ٹیم کے لیے دھچکا قرار دے دیا ہے، کوئینز ٹاؤن سے ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے بولنگ کوچ نے کہا کہ انجریز کھیل کا حصہ ہیں لیکن سیریز سے قبل اچانک کپتان کی انجری ٹیم کے لیے دھچکا ہے، بابر دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک اور پاکستان کے لیے بھی مسلسل پرفارم کر رہے ہیں، اس لیے ایک جھٹکا تو لگا ہے۔
وقار یونس نے کہا کہ سیریز کی تیاریوں کیلیے آئیڈیل حالات نہیں ہیں، کورونا کی وجہ سے ہر چیز متاثر ہوئی میسر وقت میں بہتر تیاری اور کیویز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بولنگ متوازن ہے، بیٹنگ میں بہتری کی گنجائش ہے۔