انگلینڈ کے بعد آئندہ سال نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 18 سال بعد دورہ پاکستان کا امکان ہے، کیوی ٹیم آئندہ سال ستمبر، اکتوبر پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیزیز کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئندہ سال اکتوبر میں انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچے گی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پبلک افیئر کے منیجر رچرڈ بوک نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق غور کررہے ہیں، لیکن میچز کے مقامات کا فیصلہ ابھی طے نہیں پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہم کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں، انگلینڈ کے دورہ پاکستان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) وسیم خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آرہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا صورت حال بہتر ہوئی تو شائقین کو بھی اسٹیڈیم آنے کا موقع ملے گا، غیرملکی کھلاڑیوں کااعتماد بحال کررہے ہیں، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔