نیوزی لینڈ جانے والے قومی اسکواڈ میں سے ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔نیوزی لینڈ اتھارٹی کے مطابق متاثرہ رکن کو انٹرویو کے بعد قرنطینہ کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ افراد کے علاوہ دیگرارکان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے۔
30 نومبر کو نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کا تیسرا کورونا ٹیسٹ کرانے کا امکان ہے اور کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر قومی اسکواڈ کی ٹریننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔
پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ پر منسوخی کے سائے منڈلانے لگے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دے رکھی ہے۔
اس سے قبل سرفرازاحمد، روحیل نذیز، نسیم شاہ، محمد عباس، عابد علی اور دانش عزیز بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ آئندہ کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی پر پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہوٹل میں آپس میں گھلتے ملتے رہے۔ کھلاڑیوں نے ماسک کا استعمال نہیں کیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھانا بھی شئیر کیا۔
نیوزی لینڈ اتھارٹی نے قومی کرکٹ اسکواڈ کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ لے لیے ہیں جس کی رپورٹ کل آئے گی۔کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد قومی اسکواڈ 14 روزہ قرنطینہ میں گزارے گی۔