نیشنل ٹرائی اینگولر ویمن ٹی ٹوئنٹی چمپئن شپ کل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہو گی۔
یکم دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں 3 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 10 روزہ ٹورنامنٹ میں پی سی بی بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنا مائٹس ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ایونٹ کا فائنل یکم دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں کُل 42 خواتین کرکٹرز شرکت کریں گی جبکہ ایونٹ میں تقریباََ 17 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں 2 ٹاپ ٹیمیں یکم دسمبر کو پوائنٹس کی بنیاد پر فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سات میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کو لائیواسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایونٹ کے تمام میچز پی سی بی کے آفیشل یو ٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، جہاں 9 کیمروں سے کوریج کی جائے گی۔
خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور بہترین کارکردگی کی ترغیب کے لیے گزشتہ سال کی نسبت ایونٹ کی انعامی رقم میں دوگناہ اضافہ کردیا گیا ہے۔
پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ گزشتہ ایڈیشن میں 292 رنز بناکر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی منیبہ علی اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کی قیادت کریں گی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کودس لاکھ اور رنرزاپ کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گئی۔اس دوران ہر میچ کی بہترین کھلاڑیوں کو 20 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی چیمپئن شپ کو 50 ہزار روپے کیش بطور انعام دیا جائے گا۔