پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کا ‘ڈریم فائنل’ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا جہاں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز مد مقابل ہوں گے۔
آج کا فاتح کوئی بھی ہو پی ایس ایل کو نیا چیمپئن ملے گا کیوں کہ دونوں ٹیمیں پہلی بار فائنل میں پہنچی ہیں۔
کووڈ 19 کی وجہ سے اسٹیڈیم میں تو شائقین نہیں ہوں گے لیکن کرکٹ کے کروڑوں متوالے ٹیلی ویژن پرمیچ سے محظوظ ہوں گے اور یہ دلچسپ فائنل جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔
دو بڑی ٹیموں کے اس مقابلے میں سب کی نظریں جمی ہیں ان ستاروں پر جو کبھی بھی، کہیں بھی کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے فخر زمان اور تمیم اقبال جن کا بیٹ چلے تو رنز بنتے ہی جائیں پھر محمد حفیظ جو وکٹ پر رکیں تو اسکور بورڈ رکتا نہیں دوڑنے لگتا ہے۔
بین ڈنک اور ڈیوڈ ویئسا نے تو پہلے ہی ہر ایک پر اپنی دھاک بٹھا رکھی ہے جبکہ سمت پٹیل بھی خوب رنز کر رہے ہیں۔
بولنگ میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے خوب تہلکا مچایا ہے سامنے جو آیا اس کو ٹھکانے لگایا، دلبر ، حفیظ اور ویئسا بھی ان کا خوب ساتھ نبھا رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز ہے، اس میں بھی ایک سے بڑھ کر ایک ستارہ چمک رہا ہے، بابر اعظم تو سبھی کےلیے خطرے کی گھنٹی بنے ہوئے ہیں ، ایلکس ہیلز اور شرجیل خان کے جارحانہ انداز سے کون واقف نہیں، پھر بولنگ میں محمد عامر کا تو کوئی مقابلہ ہی نہیں جنہیں ساتھ حاصل ہے وقاص محمود ، پارنیل اور عماد وسیم کا۔
یہ دلچسپ اور سنسنی خیز فائنل رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔