مصر سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر محمد صلاح بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مصر کی فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ محمد صلاح کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ محمد صلاح نے خود کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیورپول اسٹار محمد صلاح میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب ٹیم انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مصر کی ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
محمد صلاح اب 17 نومبر کو ٹوگو کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جب کہ لیورپول کی جانب سے کھیلنے کے لیے انہیں دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔