قائد اعظم ٹرافی میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کرکٹر سرفراز احمد اور عثمان صلاح الدین پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے قائد اعظم ٹرافی میں ناردرن کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں میچ فیس کا 35 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے حریف ٹیم کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے اور غلطی ثابت ہونے پر سرفراز احمد پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
ایک اور میچ کے دوران سینٹرل پنجاب کے کھلاڑی عثمان صلاح الدین کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
عثمان صلاح الدین پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری بلوچستان کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پرجرمانہ عائد کیا گیا۔
عثمان صلاح الدین کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے بیٹسمین پر جرمانہ عائد کر دیا۔