پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر میں ٹاس جیتتا تو میں بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مثبت اور بے خوف کرکٹ کھیلیں گے، کوشش کریں گے کہ زمبابوے کوجلد آؤٹ کریں۔
پاکستان کی جانب سے لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، حیدر علی، محمد حفیظ، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، وہاب ریاض، حارث رؤف اور محمد حسنین بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 11 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں اور تمام میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔