عامر خان پروموشن کے زیر سایہ محمد وسیم کی اہم فائیٹ ورلڈ رینکنگ دس کے میکسیکن باکسر سے ہوگی جو کہ یقینا ایک بڑا معرکہ ہوگا۔ یہ فائیٹ 19 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ باکسر محمد وسیم المعروف فالکن کی ایشئین رینکنگ ون جبکہ ورلڈ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
اگر محمد وسیم کے پروفیشنل باکسنگ کرئیر پر نظر ڈالی جائے تو انھوں نے گیارہ میں سے دس فائیٹس جیتی ہیں اور محض ایک فائیٹ میں ججز کے فیصلہ کے مطابق شکست ہوئی لیکن پاکستانی فالکن کی دس وکٹری میں سے سات ناک آوٹ وکٹریز ہیں اور تین میں ججز کے فیصلے سے فتح نصیب ہوئی۔
محمد وسیم آج کل اسکاٹ لینڈ میں بھر پور ٹریننگ کررہے ہیں جہاں انھی دنوں عامر خان نے بھی ان سے ملاقات کی اور ساتھ ٹریننگ بھی کی۔ محمد وسیم کی اس فائیٹ کو لیکر کنگ خان بہت پرامید نظر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت محمد وسیم کے لیول کا کوئی اور باکسر موجود نہیں، وہ ایک بہترین باکسر ہیں اور بہت امید ہے کہ وہ ورلڈ چمپئین کا اعزاز بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ قوم محمد وسیم کی کامیابی کے لیے دعا کرے اور حکومت کو بھی ان سے بھرپور تعاون کرنا چاہئے تاکہ محمد وسیم باکسنگ کی عالمی رینکنگ میں ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوں۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ عثمان وزیر اور دیگر باکسرز کو بھی محمد وسیم سے سیکھنا چاہیے اور ان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔