شان ولیمز کی سنچری، زمبابوے کا پاکستان کو 279 رنز کا ہدف

 شان ولیمز

زمبابوے نے شان ولیمز کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 279 رنز کا ہدف دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں زمبابوے کے کپتان چمو چبابا نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے نے بیٹنگ شروع کی تو محمد حسنین نے عمدہ اسپیل کراتے ہوئے زمبابوین کپتان چمو چبابا کو کھاتا کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی چلتا کردیا۔

ابھی مہمان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حسنین نے اپنے اگلے اوور کریگ ایرون کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

4رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد برینڈن ٹیلر اور برائن چاری وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 22 تک پہنچا دیا لیکن حسنین نے چاری کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو تیسری کامیابی دلا دی۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد برینڈ ٹیلر کا ساتھ دینے شان ولیمز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت بھی قائم کی لیکن حسنین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ٹیلر کی 56رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد شان ولیمز کا ساتھ دینے ویزلے میڈھویرے آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیلک پیش کرتے ہوئے زمبابوے کے لیے ایک اور اچھی شراکت قائم کی، 75رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب حسنین نے میڈھویرے کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سکندر رضا وار شان ولیمز کی جوڑی نے حسنین کی باؤلنگ پر سنبھل کر بیٹنگ کی لیکن ان کا 10 اوورز کا کوٹا مکمل ہونے کے بعد بقیہ تمام پاکستانی باؤلرز زمبابوین بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔

ولیمز اور سکندر نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی اور چھٹی وکٹ کے لیے 96رنز کی شراکت قائم کی۔

شان ولیمز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری اسکور کی۔

زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے، شان ولیمز نے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 118 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سکندر نے 45 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حسنین نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں اور عماد وسیم کی جگہ نوجوان بلے باز خوشدل شاہ کو ڈیبیو کرایا ہے۔

میچ میں پاکستان نے عابد علی کی جگہ فخر زمان، حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین، فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، امام الحق، فخر زمان، حیدر علی، خوشدل شاہ، افتخار احمد، محمد رضوان، وہاب ریاض، محمد موسیٰ، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی

زمبابوے: چمو چبابا(کپتان)، سکندر رضا، برینڈن ٹیلر، ڈونلڈ تری پانو، برائن چاری، ٹنڈائی چسورو، کریگ ایرون، ویزلے میڈھویرے، بلیسنگ مزرگبانی، رچرڈ نگاروا اور شان ولیمز۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet