بلند پرواز شاہین عالمی افق پر جلوے دکھانے لگے جب کہ ابتدائی 20 ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولربن گئے۔
شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ میں مسلسل نکھار آتا جا رہا ہے،اسی کی بدولت انھوں نے ریکارڈز پر قبضہ جمانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا، راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں پیسر نے اختتامی اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا، شاہین نے 49 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی 20میچز میں وکٹوں کی تعداد 45 کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔
انھوں نے حسن علی کو پیچھے چھوڑ دیا جنھوں نے اتنے ہی مقابلوں میں 39 شکار کیے تھے، سرفراز نواز 36 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، وہاب ریاض اور شعیب اختر 35،35جبکہ عبدالقادر34 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، شاہین شاہ آفریدی مسلسل 3 میچز میں 15 وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے بولر بھی بن گئے، اس سے قبل یہ اعزاز ہم وطن وقار یونس کو حاصل تھا۔
شاہین نے گذشتہ سال ورلڈ کپ کے دوران افغانستان کیخلاف 47 رنز دیکر4 وکٹیں حاصل کی تھیں، بنگلہ دیش کیخلاف انھوں نے 35 رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، تیسرا موقع راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں آیا۔
دوسری جانب برینڈن ٹیلر انٹرنیشنل سنچریوں کی تعداد میں تمام زمبابوین بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ گئے، جمعے کو پاکستان سے میچ کے دوران انھوں نے 17ویں تھری فیگر اننگز کھیلی،اس سے قبل اینڈی فلاور نے 16 سنچریاں بنائی تھیں،برینڈن ٹیلر چھکوں کی سنچری مکمل کرنے والے دوسرے زمبابوین بیٹسمین ہیں،اس سے قبل ایلٹن چگمبرا نے 105چھکے لگائے تھے۔