ایشین چیمپئن، باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کر دیا، ایشین بوائے انیس دسمبر کو کراچی میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
جڑواں شہروں کے اسپورٹس جرنلسٹس کی جانب سے ایشئین چمپئین عثمان وزیر کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان.
پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم اور پاکستان باکسنگ کونسل کے سیکرٹری کلیم آزاد سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور عوامی نمائیندوں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ عثمان وزیر نے ایشئن ٹائٹل جیت کر ناصرف اپنا بین الاقوامی رینک ہائی کیا بلکہ ملک و قوم کا نام بھی سر بلند کیا اور اب ان کے اگلے ہدف کے لئے حکومت ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
اس موقع پرعثمان وزیر کا کہنا تھا کہ انیس دسمبر کو کراچی میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کے بعد اگلا ہدف ورلڈ یوتھ چیمپئن بننا ہے تاہم حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے سرگرم عمل پاکستان باکسنگ کونسل کے سیکرٹری کلیم آزاد نے اس موقع پر کہا کہ اس میں حرج نہیں کہ ہمارے باکسر دوسرے ممالک میں جاکربھی کھیلیں لیکن ہمارا مقصد یہ ہے کہ پرچم پاکستان کی ہی سربلند ہو۔
تقریب میں خصوصی طور پر شریک پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے عثمان وزیر کی اگلی بین الاقوامی فائیٹ کے حوالے سے ہرممکن حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
عثمان وزیر انیس دسمبر کو کراچی میں حسین شاہ پروموشن کے زیرسایہ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے اور محض دو فتوحات کے بعد وہ اگلے بین الاقوامی ٹائٹل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔