
امریکا میں بیماریوں کی روک تھام کے ادارے سی ڈی سی نے جمعہ کو سی این این کو بتایا کہ 7 اگست کو ایک شادی کی تقریب میں مہلک وباء سے متعلق ایس او پیز کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے بیمار مہمانوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ جبکہ اب تک 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی نیوز چینل کے مطابق شادی سے پھیلنے والا مرض 100 میل (160 کلو میٹر) دور تک پھیل گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب ریاست مین کے قصبے ملکن کورٹ کے ایک ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی اور اس میں 65 افراد نے شرکت کی تھی، یہ تمام لوگ ایک ہال میں جمع ہوئے، جبکہ ریاست میں کرونا وائرس کے ایس او پیز کے مطابق 50 سے زیادہ لوگوں کو ایک ہال میں اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
حکام کے مطابق اگر جرم ثابت ہوگیا تو ہوٹل پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اندازہ ہے کہ اس شادی میں شرکت کرنیوالے ایک یا ایک سے زیادہ افراد کو کرونا وائرس کا مرض لاحق تھا، جو دیگر مہمانوں کو بھی منتقل ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب سے کرونا وائرس پھیلنے کے باعث ریاست مین کے اسکول اور ٹاؤن ہال بند کردیئے گئے ہیں۔



