کراچی(رپورٹ۔عابد عباسی)شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن میں جہاں مختلف علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ،ٹھیلوں پتھاروںکا خاتمہ کردیا گیا وہیں حیرت انگیز طور پربلدیہ عظمی کراچی محکمہ انسداد تجاوزات گلبرگ ٹاون کے مبینہ کرپٹ افسران جن میں سب سے زیادہ ”حنان “ نامی انسپکٹر کا نام زیر گردش ہے ،کی آشیرواد سے حالیہ آپریشن سے گلبرگ ٹاون میں موجود تجاوزات مافیا کو کچھ خاص فرق نہ پڑ ا،ٹاون کے مختلف علاقوں میں تجاوزات بدستور قائم ،شہری شدید مشکلات کا شکار ہوگئے اورسینئیر ڈائریکٹر بشیر صدیقی سمیت دیگر ارباب اختیار سے گلبرگ ٹاون کے مبینہ کرپٹ افسران و الہکاروں کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو محکمہ انسداد تجاوزات گلبرگ ٹاون کے مبینہ کرپٹ افسران نے ازخود ناکام بناتے ہوئے تجاوزات مافیا کی کھلی سرپرستی شروع کر رکھی ہے ،ذرائع کے مطابق انسپکٹر ”حنان “تجاوزات مافیا سے بھاری نذرانے وصول کرنے کے عوض انہیں مکمل سرپرستی فراہم کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور ان ہی کاوشیں ہیں کہ گلبرگ ٹاون کے عوام تاحال سکھ کا سانس نہیں لے سکے ، اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق گلبرگ ٹاون کے علاقے عائشہ منزل فرنیچر مارکیٹ ،واٹر پمپ سبزی فروٹ مارکیٹ ،سمن آباد ،اور کریم آباد کے پیچھے موجود فوڈ اسٹریٹ سمیت شاہراہ پاکستان پر موجود ٹھیلے پتھارے تاحال موجود ہیں جن سے راستے مسدود ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،جبکہ کئی مرکزی شاہراوں کے ساتھ سروس روڈز بھی تجاوزات مافیا نے اپنی جاگیر سمجھ رکھے ہیںساتھ ہی مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں پر بھی تاحال تجاوزات دکھائی دیتی ہیں ۔گلبرگ ٹاون کے مکینوں ،اور بلدیہ وسطی کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حنان نامی انسپکٹر مذکورہ بالا تجاوزات کی کھلی سرپرستی میں ملوث ہے اور مبینہ طور پر بھاری نذرانوں کی وصولی کے عوض تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنا تو ایک طرف انکو تحفظ فراہم کررہا ہے،یہاں یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ حنان نامی مبینہ کرپٹ افسر خود کو سینئیر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات ” بشیر صدیقی “ کا انتہائی قریبی ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ انکا منظور نظر افسر ہونے کی شہرت بھی رکھتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عائشہ منزل پر موجود جبکہ بیشتر مقامات پر تاحال مافیا قابض بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات خاموش تماشائی، گلبرگ ٹاون میںتجاوزات کی بھرمار سے علاقہ مکین اور تاجر برادری شدید مشکلات سے دوچار ہوگئی۔اطلاعات کے مطابق محکمہ جاتی قوانین کے ساتھ ساتھ عدلیہ کے احکامات نظر انداز کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کی کھلی سرپرستی کا خلاف ضابطہ سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ دن بھر تجاوزات مافیا کے خلاف محض نمائشی کاروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ گلبرگ ٹاون سمیت دیگر ٹاونز سے بھاری رشوت وصولی کے بعد ضبط شدہ سامان چھوڑدیا جاتا ہے ۔واضح رہے کہ معزز عدلیہ کے احکامات کے باوجود شہر بھر خصوصا گلبرگ ٹاون میں تجاوزات کا خاتمہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔شہریوں نے ارباب ا ختیار سے مذکورہ کرپٹ افسر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تا کہ تجاوزات کا خاتمہ ممکن بناتے ہوئے شہریوں کے مسائل میں کمی واقع کی جاسکے۔
Welldone
Thanks you