کیماڑی میں آئل ٹرمینل پر لگنے والی آگ سے دو افراد ہلاک اور تین جھلس گئے، افسوس ناک خبر آگئی

 کیماڑی  آئل ٹرمینل پر آگ
کراچی کے علاقے کیماڑی میں آئل ٹرمینل پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور تین جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق آگ کیماڑی کے ٹرمینل نمبر ایک پر شیل آئل ڈپو میں لگی جس میں زخمی ہونے والے تین افراد کو ڈاکٹر رتھ فا سول ہسپتال کراچی میں داخل کرایا گیا۔

جیکس پولیس اسٹیشن ایس ایچ او ملی عادل خان نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ جب آگ لگی تو نجی تیل کی کمپنی کے پانچ ملازمین موقع پر موجود تھے اور دو افراد کا ابھی تک کچھ نہیں پتہ البتہ شام میں پولیس افسر نے کہا کہ جائے وقوع سے افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت شاہد اور صلح محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ کے ایم سی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے فائر ٹینڈرز کی 4 گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہیں دوپہر ایک بجکر 5منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی اور فائر ٹینڈرز ساڑھے 3بجے تک آگ بجھانے میں کامیاب ہو گئے البتہ ٹھنڈا کرنے کا کام شام تک جاری رہا۔

عہدیدار نے بتایا کہ ماہرین کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے کے بعد ہی آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔

زخمیوں کو ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا اور فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق جھلسنے والے افراد شدید زخمی تھے۔ ادھر پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آگ کیماڑی آئل ٹرمینل 1 کے پیٹرول یونٹ میں لگی۔

بیان میں کہا گیا کہ رینجرز اہلکار رسکیو سروسز کے ہمراہ آگ لگنے کے مقام پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

اس سلسلے میں مزید بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو بچانے اور آگ پر قابو پانے میں بھی مدد کی، آگ پر قابو پانے کے لیے کراچی واٹر اینڈر سیوریج بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے واٹر ٹینکرز اور فائر بریگیڈ سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ بحریہ ک اہلکاروں اور فائر ٹینڈرز نے بھی آگ پر قابو پانے کے لیے کی گئی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔آگ لگنے کے بعد ملک بھر کو آئل کی ترسیل کا عمل متاثر ہوا ہے کیونکہ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے ٹینکر مالکان، ڈرائیورز اور کلینرز کو تجویز دی ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر آئل ڈپو سے دور رہیں۔

ایسوسی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر میر شمس شہوانی کے حکم پر ٹرمینل سے تیل کی ترسیل کا روک دیا گیا ہے اور آگ بجھنے کے بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس کی بحالی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایسوسی ایشن کے نمائندے شیل پاکستان لمیٹیڈ سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔میر شمس شہوانی نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر پیٹرولیم اور پیٹرولیم سیکریٹری سے درخواست کی کہ وہ ڈپو کی سیکیورٹی میں اضافہ کریں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet