
اسپین کی شہزادی ماریہ ٹیریسا کورونا وائرس سے انتقال کر گئیں،86 سالہ شہزادی ماریہ ٹیریسا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والی کسی بھی شاہی خاندان کی پہلی فرد ہیں، اسپین کے بوربون پارما شاہی خاندان کے مطابق شہزادی ٹیریسا کا انتقال گزشتہ رات ہوا۔
خیال رہے کہ اسپین اس وبا سے متاثر ہونے والا چوتھا بڑا ملک ہے جہاں اب تک72 ہزار سے زائد افراد بیمار جبکہ 58 سو سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 30 ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ورلڈومیٹر کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہو چکی ہیں اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9 سو سے زائد اموات ہوئیں جس کے بعد اٹلی میں اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئیں جبکہ امریکہ میں 24 گھنٹے کے دوران 500 سے زائد اموات ہوئیں۔
امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2227 تک پہنچ گئی۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار سے بڑھ گئیں۔



