
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری کا تقریر کے بعد کورم کی نشاندہی کر کے بھاگ جانا انتہائی شرمناک ہے۔ بلاول نے محلے کے اس بچے جیسی حرکت کی جو گھروں کی گھنٹیاں بجا کر بھاگ جائے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول اپنی رٹی رٹائی اور لکھی لکھائی تقریر کے جواب میں مراد سعید کی تقریر برداشت نہیں کرسکتے۔ مراد سعید کے کھڑے ہوتے ہی بلاول اپنے ہوش و حواس کھو کر اسمبلی فلور سے غائب ہو جاتے ہیں۔ مراد سعید اب بلاول زرداری کی چھیڑ بن چکے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں اپوزیشن تنقید کرنے کے ساتھ حکومتی بینچوں کی بات بھی سنتی ہے، حکومت ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہائیڈل پاوربڑھانے پرکام کررہی ہے۔ اس وقت بھاشا،مہمند،آزادپتن،داسوفیزون اور تربیلا ڈیم ایکسٹینشن پر کام جاری ہے۔
پی ٹی آئی ملک سے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے سستے ذرائع پر کام کررہی ہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملکی ایٹمی پروگرام کی سیکیورٹی میں بہتری آئی ہے، جس کے باعث این ٹی آئی انڈیکس نے پاکستانی ایٹمی پروگرام کو محفوظ ترین قرار دیا ہے۔



