دُبئی میں مقیم ہیں اور سیر و تفریح کے شوقین افراد ہوجائیں ہوشیار! پولیس نے کردیا سب کو خبردار

دبئی میں ساحلی مقامات پر آنے والے تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے
اگر آپ دُبئی میں مقیم ہیں اور سیر و تفریح کے بھی شوقین ہیں، خاص طور پر آپ کو دُبئی کے ساحلی مقامات پر اپنی طرف کھینچتے ہیں تو وہاں ضرور جائیں۔

مگر ہوشیارہو جائیں کیونکہ یہ عام حالات نہیں ہیں، کورونا ہر جگہ اپنا قبضہ جمائے بیٹھا ہے۔ جو لوگ ساحلی مقامات پر تفریح کے لیے جانا چاہتے ہیں ، انہیں ماسک اور سماجی فاصلے سے متعلق احتیاطی تدابیر کا خاص طور پر خیال رکھنا ہو گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ساحلی مقامات پر کورونا سے متعلق گائیڈ لائنز کا خیال نہ رکھنے والوں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دُبئی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ ساحلی مقامات پر آنے والے تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

اس کے علاوہ سماجی فاصلے کی بھی پابندی کرنا ہو گی، تاکہ کورونا وائرس کی دیگر افراد میں منتقلی نہ ہو سکے۔

ساحل سمندر پر کسی بھی جگہ پانچ سے زائد لوگ اکٹھے نہیں ہو سکیں گے، البتہ ایک ہی خاندان کے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد کورونا ضوابط کی پابندی نہیں کریں گے، انہیں موقع پر ہی جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے والے افراد کو تین، تین ہزار درہم کا جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

صرف ایک روز ہی دُبئی کے ساحلی مقامات پر آئے 210 افراد کو کورونا ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے تمام کاروباری مراکز کے لیے سرکاری طور پر سرکلر جاری کیا گیا ہے کہ مرکزی دروازوں پر تھرمل سکیننگ کیمرے نصب کرنے لازمی ہوں گے جس سے داخل ہونے والے ہر شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جائے گا۔

جن افراد کا درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ سے زائد ہو گا، انہیں تجارتی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا۔شاپنگ مالز دوپہر سے رات 9بجے تک کھُلیں رہیں گے۔

کوئی بھی گاہک کسی شاپنگ مال میں تین گھنٹے سے زائد نہیں ٹھہر سکے گا، شاپنگ مال میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہو گا اور انٹری کے مقام پر ہر شخص کا تھرمل سکینر سے جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔

شاپنگ مال میں رش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس مقصد کے لیے کسی بھی شاپنگ مال میں ایک وقت میں کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

شاپنگ مالز میں 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد اور 3 سے 12 سال کے بچوں کو داخلی کی اجازت نہیں ہو گی۔ شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو آپس میں کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہو گا۔

مالز میں کار پارکنگ کی 75 فیصد جگہ بند ہو گی، والٹ پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔

رش سے بچنے کے لیے شاپنگ مالز کو تمام داخلی اور خارجی دروازے کھُلے رکھنے ہوں گے۔ تمام دُکانوں کے عملے کو گاہک کو ہر شے دکھانے کے بعداسے سینیٹائز کرنا لازمی ہو گا۔

شاپنگ مال میں داخلے کے وقت اگر کسی گاہک میں سکریننگ کے دوران کورونا کی مشتبہ علامات یا تیز بخار کی کیفیت پائی جائے تو اس کے لیے ہر شاپنگ مال کو ایک الگ سے احاطہ مختص کرنا ہو گا۔

شاپنگ مالز میں موجود ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس پر بھی اصل گنجائش کے صرف 30 فیصد گاہکوں کو بٹھایا جائے گا۔

تمام ٹیبلز کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ لازمی ہو گا۔ گاہکوں کو کھانے پینے کا سامان ڈسپوزیبل برتنوں میں دیا جائے ۔ جبکہ فرش اور ٹیبلز کی سطح کو ہر گاہک کے استعمال کے بعد 75 فیصد الکوحل سے صاف کیا جائے گا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet