
عمانی حکومت کی جانب سے ان تارکین وطن کو خوش خبری سُنا دی گئی ہے جو عمانی ویزہ ہولڈرز ہیں تاہم کورونا کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے دیگر ممالک میں ہی پھنس کر رہ گئے ہیں۔ اب یہ ویزہ ہولڈر واپس عمان جا سکتے ہیں تاہم اس کے لیے انہیں انٹری پرمٹ کے لیے اپلائی کرنا ہو گا جس کے اجراء کے بعد وہ عمان لوٹ سکیں گے۔
عمان کے سرکاری ذرائع کے مطابق جو لوگ عمان واپسی چاہتے ہیں وہ منسٹری آف فارن افیئرز (MOFA) کے قونصلر ڈیپارٹمنٹ کو ای میل بھیجیں گے جو consular@mofa.gov.com پر بھیجی جائے گی۔ اس ای میل میں درخواست گزار کی جانب سے اپنا رہائش اسٹیٹس، عمان فوری واپسی کی ٹھوس وجوہات درج کرنی ہوں گی اور موجودہ صورت حال کی وجہ سے پیش آنے والی ذاتی، سماجی اور مالی مشکلات کے بارے میں بھی بتانا ہو گا۔
اگر یہ درخواست منظور ہو جاتی ہے تو اس کے بعد عمان واپسی کی اجازت دے دی جائے گی۔ عمانی ویزہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے ان کے ممالک میں خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔ دوسری جانب عمان میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان میں واپسی کے لیے انٹری پرمٹ دینے کا اختیار صرف اومانی حکومت کو ہے۔ اومان واپس جانے کے خواہش مند کمپنی مالکان اور کاروباری حضرات اومانی حکومت کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔
پاکستانی ایمبسی کسی اومانی ویزہ ہولڈر کو انٹری پرمٹ جانے کرنے کی مجاز نہیں ہے۔ پاکستان میں موجود عمانی سفارت خانہ بھی واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی ای میل اور ٹیلی فون سروس کے ذریعے رہنمائی کر رہا ہے۔
عمان واپسی کے حوالے سے سلام ایئر کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان اور مصر سے جو افرادعمان واپس آنا چاہ رہے ہیں اور انہیں عمانی وزارت خارجی کی جانب سے واپسی کی اجازت بھی مل گئی ہے، ان کے لیے ایئر لائن سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔ خواہش مند حضرات ایئر لائن کے کال سنٹر پر رابطہ کر کے ٹکٹ کی بکنگ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔



