شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق، برطانیہ میں سخت تشویش

برطانوی شہزادے چارلس
برطانوی شہزادے چارلس میں چند علامتیں ظاہر ہونے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد شہزادے کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے صاحبزادے 71 سالہ ولی عہد چارلس میں نزلہ اور زکام جیسی چند علامتیں ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔ شہزادے نے گزشتہ دو ماہ میں کئی مہمانوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور وہ بیرون ملک دورے پر بھی گئے تھے۔

شہزادہ چارلس کی سرکاری رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہزادہ چارلس میں اس بیماری کی علامات ابھی معمولی نوعیت کی ہیں، شہزادے کی اہلیہ کامیلا پارکر کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے تاہم اُن میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور شہزادہ چارلس سمیت 70 سال زائد عمر کے حامل شاہی خاندان کے ممبران کو ہجوم سے دور اور پرسکون مقام پر قرنطینہ کیا گیا تھا جس کے بعد یہ خبریں بھی گردش میں تھیں کہ شہزادہ ولیم ملک کے بادشاہ کے طور پر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کیسز 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار ہوگئی ہے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس مہلک بیماری سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet