عالمی ادارہ صحت نے وارننگ دی ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکہ کوروا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے جہاں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید دوسو چھ افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاکتیں سات سو انسٹھ ہوگئی ہیں اور چون ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے صدرلارنس اور ان کی اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
اٹلی میں مہلک وائرس سے چوبیس گھنٹے میں مزید سات سو تینتالیس افراد ہلاک ہوئے اور پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اٹلی میں وائرس کے سبب چھ ہزار آٹھ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسپین میں چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید چھ سو اسی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد دوہزار نوسو اکانوےہوگئی ہے جب کہ بیالیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔
فرانس میں گیارہ سو، ہالینڈ میں دو سو چھہتر، جرمنی میں ایک سو ستاون، سوئٹزرلینڈ میں ایک سو بائیس افراد کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں ایک ہی روز میں دو پاکستانی کوروناوائرس سے ہلاک ہوئے اور مجموعی ہلاکتیں چار سو بائیس ہوگئی ہیں جب کہ آٹھ ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔
چین میں 3281 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 81281 متاثر ہیں۔ چین کے سب سے متاثرہ صوبے ووہان سے گزشتہ پانچ روز میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور حکومت نے 8 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔