حق پرست منتخب بلدیاتی قیادت ضلع وسطی کے پارکس و پلے گراؤنڈز کی بحالی و تزین و آرائش کا کام ترجیحی بنیادوں پر کررہی ہے۔ریحان ہاشمی
ستر فیصد سے زائد پارکس و پلے گراؤنڈز کی بحالی و تزین و آرائش کا کام مکمل کرکے انہیں عوام کے حوالے کردیا ہے۔ریحان ہاشمی
کراچی( فرقان فاروقی)حق پرست منتخب بلدیاتی قیادت ضلع وسطی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو پروموٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع وسطی کے پارکس و پلے گراؤنڈز کی بحالی و تزین و آرائش کا کام ترجیحی بنیادوں پر کررہی ہے۔ تاکہ ضلع وسطی کی عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں مدد ملے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی نے فلڈ لائٹس سکسٹین اسٹار فٹبال گراؤنڈفیڈرل بی ایریا کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارلیمانی لیڈر بلدیہ وسطی محمد صابر شیخ،ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔اختیارات سنبھالنے کے بعد چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی اول روز سے کوشش رہی ہے کہ ضلع وسطی کے عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ضلع وسطی کے مکینوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو ممکن بنائیں اس سلسلے میں محکمہ باغات،B&R اور بلدیہ وسطی کے دیگر محکموں کی انتھک محنت کا ثمر ہے کہ بلدیہ وسطی نے ضلع وسطی کے ستر فیصد سے زائد پارکس و پلے گراؤنڈز کو بحال و تزین و آرائش کا کام مکمل کرکے انہیں عوام کے حوالے کردیا ہے۔چیئرمین ریحان ہاشمی نے عوام سے درخواست کی کہ ان پارکس و پلے گراؤنڈز کی حفاظت بلدیہ وسطی کی انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



