رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کل ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا۔
اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہلیان پاکستان سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام فرمائیں، اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔