
سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جاری جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 185 ہوگئی جبکہ 1800 افراد زخمی ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں جاری جھڑپوں میں امریکی سفارتی قافلے پربھی فائرنگ کی گئی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ یہ عمل انتہائی غیر ذمہ دارانہ اورغیر محفوظ ہے۔
گزشتہ تین دنوں سے جاری کشیدگی کے دوران دارالحکومت خرطوم کے کئی اسپتالوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق خرطوم میں مسلح افواج اور باغی کوئیک ریسپانس فورسز کے درمیان یہ جھڑپیں تین روز سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ2021 میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر قبضہ کرنے والی سوڈانی فوج کے خلاف پیرا ملٹری فورس نے بغاوت کی ہے۔



