
ویٹیکن نے اعلان کیا ہے کہ سینٹ پیٹرس باسلیکا کو پیر سے سیاحوں اور زائرین کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ معروف مذہبی و سیاحتی مقام کو دو ماہ قبل کرونا کی وبا کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔
اٹلی کی طرح ویٹیکن سٹی نے بھی مشہور گرجا گھر میں مذہبی تقریبات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔
گرجا گھر کو زائرین کے لیے کھولنے کے بعد صفائی کرنے والے عملے کو چوکس کردیا گیا ہے جس نے عبادت گاہ میں جراثیم کش اسپرے کیا ہے۔
سینٹ پیٹرس چرچ 23 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ مسیحی کمیونٹی کا مقدس مقام ہے جہاں دنیا بھر سے سالانہ لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سیاح آتے رہتے ہیں۔
سینٹ پیٹرس اور تین دیگر چرچ اطالوی وزارت داخلہ کے ماتحت قائم ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے مذہبی مراکز میں حاضرین کی تعداد کو کم سے کم رکھا جائے گا اور یہ تعداد 200 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔



