
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب مینڈز نے جوبائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امداد میں اضافہ کرے۔
وہ نیو جرسی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی پبلک افیئرز کمیٹی کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سینیٹرباب نے سیلاب سے متاثر پاکستان کیلئے امریکہ کی جانب سے دی گئی پانچ کروڑ تیس لاکھ ڈالر کی امداد کو انتہائی کم قرار دیا اور پاکستان میں تقریبا ًتین کروڑ بے گھر ہونے والے افراد کیلئے مزید امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ مل کر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امریکی کانگریس سے ہنگامی امداد پیکیج حاصل کرنے اور پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس منعقد کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور سیلاب کے ابتدائی مرحلے میں بروقت امداد فراہم کرنے پر سینیٹر باب مینڈز، امریکی کانگریس اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔



