بلدیہ کورنگی کے ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای گل بہروز نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کی آنکھ میں دھول جھونک دی
بلدیہ کورنگی میں ایک لائیٹ لگا کر 8 لائیٹوں کے بل وصول کئے جارہے ہیں
محکمہ ایم اینڈای پیپلز پارٹی ،اور اعلی اتھارٹی کو بھی چونا لگانے میں مصروف
لاکھوں روپے ماہانہ بٹورنے کے باوجود ایگزیکٹیو انجنئیر کاروائی سے محفوظ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ کورنگی میں ایک کے بعد ایک کرپشن کی داستانیں رقم کرنے والے افسران سامنے آرہے ہیں، محکمہ مکینیکل اینڈالیکٹریکل کے ایگزیکٹیو انجنئیر گل بہروز نے عجب کرپشن کے سارے راستے اختیار کرتے ہوئے ضلع کورنگی کو اندھیرے میں ڈبونے کا فیصلہ کر لیا مرکزی شاہراہوں سمیت اہم شاہراہیں اندھیری پڑی ہیں جبکہ گلی محلے پہلے ہی تاریکی میں ڈبو دئیے گئے بلدیہ کورنگی کے چاروں زونز میں موجود سینکڑوں علاقے آہستہ آہستہ یہ بھولتے جارہے ہیں کہ کبھی گلی محلوں میں بھی اسٹریٹ لائٹس ہوا کرتی تھیں جس کی اہم وجہ گل بہروز نامی ایگزیکٹیو انجنئیر ہیں جو ایک اسٹریٹ لگا کر 8 اسٹریٹ لائٹس لگانے کا بل وصول کر کے اندھا دھند کرپشن میں ملوث ہیں جبکہ گاڑیوں کی مرمت، فیول کی مد میں علیحدہ سے لاکھوں روپے ماہانہ بٹورے جارہے ہیں جس کی عملی مثال یہ ہے کہ بلدیہ کورنگی میں چھ ماہ سے افسران وملازمین کا فیول بند کر کے اس سے حاصل ہونے والی رقومات جیبوں میں جارہی ہیں جبکہ فیول حاصل کرنے کااستحقاق رکھنے والے افسران وملازمین غم وغصے کے ساتھ سارا تماشہ دیکھ رہے ہیں لیکن گل بہروز کی اوپر تک رقم پہنچانے کی وجہ سے کسی کا کچھ نہیں بگاڑ پارہے ہیں، ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای کورنگی کرپشن اور خود سری میں آزاد ہو چکے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بھی خاطر میں نہیں لاتے اور ان کی آنکھوں میں بھی دھول جھونکنے سے گریز نہیں کرتے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ کورنگی کے چاروں زونز میں دو سو اسٹریٹ لائٹس لگانے کے عوض 800 اسٹریٹ لائٹس کا بل وصول کیا گیا جبکہ یہ بھی یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ چاروں زونز میں یہ اسٹریٹ لائٹس لگی بھی ہیں یا نہیں، گل بہروز کی کرپشن پر بلدیہ کورنگی کے افسران کا کہنا ہے کہ ایک ایسے افسر جس نے کرپشن کے عوض افسران وملازمین کو بھی چونا لگا رکھا ہو اس کیخلاف تحقیقاتی اداروں کی کاروائ ناگزیر ہے ایسے افسران کی موجودگی کی وجہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ بلدیہ کورنگی میں کرپشن اور مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اعلی افسران چپ سادھ کر ایسے افسران کو مجرمانہ طور پر سپورٹ فراہم کر رہے ہیں.



