
کراچی(پ ر)ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، رحمت اللہ شیخ کی کوششوں سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کام جاری ہیں جس میں اہم شخصیات نے بھی ڈی ایم سی ایسٹ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے.
کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے ڈی ایم سی ایسٹ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے کیمپ اور سچل، مدھو گوٹھ ودیگر جگہوں پر قائم کئے گئے رہائشی کیمپوں کا معائنہ کیا اور امدادی چیک وسامان تقسیم کیا.

اس موقع پر یونس خان نے کہا کہ پریشانی میں مبتلا افراد کی مدد کیلئے جذبہ حب الوطنی کی ضرورت ہے، ڈی ایم سی ایسٹ کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات قابل تقلید ہیں، پریشانی میں گھرے افراد کی مدد کیلئے ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ کی طرح دیگر کو بھی میدان میں آنا چاہیئے.

سربراہ جے ڈی سی ظفر عباس نے اس موقع پر کہا کہ ڈی ایم سی ایسٹ کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں امدادی سامان فراہم کیا ہے ڈی ایم سی ایسٹ کی طرح دیگر اداروں کو بھی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میدان میں آنا چاہیئے.
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے دونوں معزز شخصیات کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سیلاب کی خدمت دینی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہے ہیں، دنیا کے سارے کام چلتے رہتے ہیں لیکن مشکل کی گھڑی میں کسی کے کام آجانے سے بڑھ کر کوئ خوشی نہیں ہے، تعاون نے ہمارے حوصلے بلند کر دئیے ہیں اب مزید کوشش کرینگے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جتنی زیادہ کوششیں کی جاسکتی ہیں وہ کی جائیں .

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ حماد خان، ڈائریکٹر ڈی ایم توقیر عباس، ڈائریکٹر پارکس آغا سمیر ودیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں.



