
ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے فصلوں کی تباہی اور منڈیوں میں سپلائی کم ہونے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔
منڈیوں میں پیازایک سو پچھتر روپیہ فی کلو کے بجائے دو سو سے ڈھائی سو روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔ ٹماٹر بھی طلب سے چالیس فیصد کم منڈی میں پہنچ سکا ہے۔ تھوک نرخوں پر پانچ کلو ٹماٹر بارہ سو روپیہ میں فروخت ہو رہا ہے۔
تاجروں نے حکومت سے اپیل کی کہ افغانستان اور ایران سے پیاز امپورٹ کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکسز کو ختم کیا جائے۔ تاکہ بحران سے نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان اور سندھ میں کپاس اور چاول سمیت کئی سبزیوں اور پھلوں کی فصل تباہ ہو گئی ہے۔
پاکستان میں آنے والے مہینوں میں گندم کی بوائی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ ماہرین نے سیلاب کے باعث پاکستان میں غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔



