
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایات پر متاثرین سیلاب کو نقد رقم کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ ہرخاندان کو پچیس ہزار روپے کی نقد رقم دی جارہی ہے، اس رقم سے متاثرین کو فوری ریلیف ملے گا اور وہ ادویات اورکھانے پینے کی اشیاء خرید سکیں گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے خزانہ ڈویژن کو بھی پانچ ارب روپے کا فنڈجاری کرنے کی ہدایت کی ہے جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلئے قائم کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہنگامی امدادی ادارے اور صوبائی حکام کے اشتراک سے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ سیلاب سے متعلق واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد معلوم کرنے کیلئے ایک مشترکہ سروے بھی شروع کیاگیا ہے، ملک میں حالیہ سیلابوں کی وجہ سے ہر جاں بحق شخص کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپے کی امداد دی جارہی ہے۔



