عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے راستوں پر افسران مکمل توجہ مرکوز رکھیں، رحمت اللہ شیخ

کراچی(پ ر)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ نشتر پارک سمیت ضلع شرقی میں موجود جلوس ومجالس کے روٹس اور امام بارگاہوں کے اطراف بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں جس میں مزید بہتری کی گنجائش کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کئے جارہے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر ڈی ایم توقیر عباس، ڈائریکٹر پارکس ظفر اقبال،ڈائریکٹر انسداد تجاوزات سہیل صادق، انچارج ٹریکٹر ٹرالیز راؤ شمشاد ودیگر افسران کے ہمراہ نشتر پارک اور ضلع شرقی میں جلوس ومجالس کے روٹس اور امام بارگاہوں کے معائنے کے دوران کیا.
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر نشتر پارک اور اطراف میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت کے مطابق بلاتعطل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے،ضلع شرقی میں جلوس ومجالس سمیت امام بارگاہوں کے منتظمین سے رابطے میں ہیں اور ان کی نشاندہی پر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کے لحاظ سے خدمات فراہم کر رہے ہیں جبکہ جہاں بھی برساتی پانی کی نکاسی کی ضرورت ہے وہاں ہنگامی بنیاد پر کام کئے جارہے ہیں، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے راستوں پر ہر صورت توجہ مرکوز رکھی جائے اور روزانہ دورے کر کے بلدیاتی خدمات کا جائزہ لے کر اقدامات بروئے کار لائے جائیں جبکہ منتظمین کی شکایات کے ازالے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کا قطعی مظاہرہ نہ کیا جائے.
اس موقع پر ان کے ہمراہ جلوس، مجالس اور امام بارگاہوں کے منتظمین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے.



