
سری لنکن صدر راجا پکسے اور وزیر اعظم وکرما سنگھے نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سری لنکن صدر راجا پکسے اور وزیر اعظم وکرما سنگھے نے عوام کے سامنے گھنٹے ٹیکتے ہوئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
سری لنکن سرکاری اہلکار کے مطابق صدر گوٹابایا راجا پکسے 13 جولائی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے اور اس کے چند روز بعد وزیر اعظم بھی استعفیٰ دیں گے۔
سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تصدیق کی ہے کہ اقتدار کی پرامن منتقلی کے لیے صدر نے فیصلہ کیا کہ وہ 13 جولائی کو استعفیٰ دے دیں گے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں جاری مالیاتی بحران کے خلاف کئی روز کے احتجاج کے بعد صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے استعفے کے فیصلے کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ہزاروں مشتعل مظاہرین رکاوٹیں توڑتے ہوئے صدارتی محل میں داخل ہو گئے۔



